فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سید یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے قومی یکجہتی کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
جمعہ کو ایوانِ صدر میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدرِ مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا دہشت گردی کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں اور انہیں بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شعبان شروع کر رکھا ہے، جبکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتا ہے، تاہم پوری قوم متحد ہے اور ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 2016 سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان ملک بھر کے ارکانِ پارلیمنٹ، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی، نوجوانوں، ماہرین تعلیم اور میڈیا نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر قومی ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے۔ ان کے بقول یہ ورکشاپ صرف تربیتی پروگرام نہیں بلکہ مختلف صوبوں، نظریات اور پالیسی سازوں کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی قومی شناخت، معاشی مستقبل اور قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے۔ صوبے کا جغرافیائی محلِ وقوع، معدنی وسائل اور ساحلی اہمیت اسے خطے میں غیر معمولی اہمیت دیتے ہیں، تاہم سکیورٹی، سماجی و معاشی اور انسانی ترقی کے شعبوں میں درپیش چیلنجز کا حقیقت پسندانہ انداز میں مقابلہ کرنا ہوگا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں میں دشمن اب فوجی اہداف کے بجائے نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جو اس کی بزدلی اور ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دہشت گردی کے خاتمے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔





