محرم الحرام میں فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی، پیغامِ امن کمیٹی کا خصوصی اجلاس

سوشل میڈیا پر نفرت اور اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ؛ ایران۔امریکہ امن معاہدے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو خراج تحسین

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت پیغامِ امن کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مذہبی رہنماؤں، اقلیتی نمائندوں، صوبائی و علاقائی پیغامِ امن کمیٹیوں کے کوآرڈینیٹرز اور متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت، نفرت انگیزی اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ پیغامِ امن کمیٹی کو ضلع سطح تک فعال اور مؤثر بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علماء کے ساتھ مضبوط اور مستقل رابطہ وزارت داخلہ کی ترجیحات میں شامل ہے اور محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف قرآن و حدیث کی روشنی میں عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ اسلام میں ریاست کے خلاف بغاوت اور فساد کی کوئی گنجائش نہیں، اس حوالے سے علماء کرام عوام کی رہنمائی کریں۔

محسن نقوی نے پیغامِ امن کمیٹی کے لیے خصوصی رابطہ کار مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس عمل میں قائدانہ کردار ادا کیا جبکہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے ایک کپتان کی حیثیت سے عملی میدان میں کلیدی ذمہ داری نبھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی معاہدہ مؤثر ٹیم ورک کا نتیجہ تھا اور فیلڈ مارشل وہ شخصیت تھے جن پر تمام فریقوں کو اعتماد حاصل تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک نے بھی مذاکرات کی کوششیں کیں لیکن کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے امن کے قیام کے لیے نہ صرف دو ٹوک مؤقف اختیار کیا بلکہ اہم مواقع پر غلطیوں کی نشاندہی بھی کی جس سے فریقین کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہوا۔ محسن نقوی کے مطابق جنگ بندی کے خاتمے سے چند گھنٹے قبل جب مذاکرات تعطل کا شکار تھے تو فیلڈ مارشل کی مخلصانہ اپیل نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران بھی اللہ تعالیٰ کی مدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض واقعات ایسے پیش آئے جن سے غیبی مدد پر یقین مزید مضبوط ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران۔امریکہ مذاکرات کے دوران بھی متعدد مواقع پر حالات انتہائی کشیدہ ہوئے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے معاملات قابو میں رہے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے پیغامِ امن کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کمیٹی کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ اجلاس میں شریک علماء کرام نے ایران۔امریکہ امن معاہدے میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، اتحاد اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔