موٹروے پولیس ہیڈکوارٹر میں تقریب، وفاقی وزیر مواصلات اور آئی جی موٹروے پولیس کی یادگارِ شہداء پر حاضری، شاہراہوں کے بڑے منصوبوں اور پولیس اہلکاروں کے تحفظ کے اقدامات کا اعلان
اسلام آباد (آصف ملک) یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ہیڈکوارٹر میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اور سلطان احمد چوہدری نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ 4 اگست قومی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور شہید صفوت غیور کی عظیم قربانی تمام سیکیورٹی فورسز کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کے 59 شہداء سمیت ملک بھر کے تمام شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیٹرولنگ افسران کے تحفظ کے لیے ٹول پلازوں کے قریب جدید پولیس اسٹیشنز، محفوظ پارکنگ اور ایمبولینس سروس قائم کی جا رہی ہے تاکہ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 2024 میں 64 ارب روپے سے بڑھ کر 2026 میں 127 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے، جس کے باعث ادارہ مالیاتی خودکفالت کی جانب گامزن ہے اور اب بیرونی امداد کے بغیر اپنے وسائل سے شاہراہوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت بلتستان سے سندھ، بلوچستان اور پنجاب تک موٹرویز کی تاریخی توسیع جاری ہے۔ مری ایکسپریس وے (آئی ایم ڈی سی) کو مظفرآباد تک توسیع دی جا رہی ہے، جس سے آزاد کشمیر کے عوام کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم این جے سی موٹروے شاہراہِ قراقرم کا بہترین متبادل ثابت ہوگی اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک رابطوں کو مزید مضبوط کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ، کھاریاں، راولپنڈی شاہراہ کی تکمیل سے اسلام آباد سے لاہور کے سفر میں تقریباً 100 کلومیٹر اور ایک گھنٹے کی بچت ہوگی، جبکہ ایم-10 اور لیاری ایکسپریس وے کراچی بندرگاہ سے تجارتی نقل و حمل کو مزید آسان بنا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ ایم-6 موٹروے پر جلد عملی کام شروع ہو جائے گا، جبکہ کرتارپور اور ننکانہ صاحب کو ملانے والی "گرو نانک ایکسپریس وے” پر بھی کام جاری ہے، جس سے مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت کی سیاحتی شاہراہوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں، این-25 آئندہ سال تک مکمل ہو جائے گی، جبکہ بلوچستان میں ایم-8 موٹروے منصوبوں سے ایران کے ساتھ سرحدی تجارت اور علاقائی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موٹروے پولیس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور خدمات کے باعث پورے خطے کے لیے ایک مثالی فورس ہے۔
اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے بھی شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور موٹروے پولیس ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔





