پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق، اعلیٰ ایرانی وفد کی ایف پی سی سی آئی میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات

پاکستان اور ایران صدیوں سے آزمودہ ساتھی ہیں، تجارت کو حقیقی استعداد کے مطابق بڑھانے کی ضرورت ہے، عاطف اکرام شیخ؛ پاکستان کے تعاون کو ایرانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، ایرانی وزیر تجارت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایرانی وزیر تجارت محمد عطا بیک کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد نے ایف پی سی سی آئی پریزیڈنٹ سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وفد نے عاطف اکرام شیخ اور پاکستانی کاروباری برادری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اور پاکستان دہائیوں نہیں بلکہ صدیوں سے آزمودہ ساتھی ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت، کاروباری برادری اور پوری قوم نے حالیہ بحران کے دوران ایرانی بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ موجودہ حالات میں ایرانی اعلیٰ سطحی وفد کا پاکستان کا دورہ انتہائی خوش آئند ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان طویل مشترکہ سرحد ہونے کے باوجود دونوں ممالک اپنی تجارتی صلاحیتوں سے مکمل استفادہ نہیں کر رہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی معاشی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کریں۔

ایرانی وزیر تجارت محمد عطا بیک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی باصلاحیت کاروباری برادری کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقات کر کے انہیں دلی خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اس نوعیت کی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کا تسلسل ضروری ہے تاکہ درپیش مسائل کا فوری اور پائیدار حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران نہ صرف ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ دونوں کے تعلقات کی جڑیں تاریخ، مذہب اور سماجی تعاون میں گہری پیوست ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اہم ملاقات میں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کی جانب سے متعدد اہم تجاویز سامنے آئی ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

ایرانی وزیر تجارت نے کہا کہ جنگ کے دوران اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے اختیار کیا گیا مضبوط اور واضح مؤقف ایرانی قوم کے لیے حوصلے اور طاقت کا باعث بنا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے مشکل حالات میں تجارتی راہداری کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے ایرانی تجارت کا سلسلہ جاری رکھنے میں اہم مدد ملی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی اقتصادی تعاون کو ہر سطح پر مزید فروغ دیا جائے گا۔