خواتین کی سیاسی و معاشی شمولیت، امن سازی اور صنفی مساوات کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر زور
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) ویمن پارلیمنٹری کاکس (ڈبلیو پی سی) کے دفتر میں سیکریٹری ویمن پارلیمنٹری کاکس ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، خصوصی کمیٹی برائے صنفی شمولیت کی چیئرپرسن ڈاکٹر نفیسہ شاہ، خزانچی ویمن پارلیمنٹری کاکس شاہدہ بیگم اور پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر رونگ ودھی ویرا بُتر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں خواتین کے بااختیار بنانے، سیاسی شمولیت، معاشی ترقی، امن سازی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے آغاز میں شرکاء نے تھائی لینڈ کی شہزادی ہائی رائل ہائنس شہزادی باجراکتیابھا نریندیرا دیبیاوتی کے انتقال پر تھائی عوام اور شاہی خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویمن پارلیمنٹری کاکس خواتین کے حقوق، صنفی مساوات اور شمولیتی طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پارلیمانی پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے خواتین کی معاشی خودمختاری، ڈیجیٹل شمولیت، صنفی حساس بجٹ سازی، قیادت کی تربیت اور پارلیمانی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے خواتین کے لیے فنی اور بیوٹی اسکلز پروگراموں میں تھائی لینڈ کے تعاون کو سراہتے ہوئے ان منصوبوں کو پاکستان کے صوبائی سطح تک وسعت دینے کی تجویز دی۔ انہوں نے زرعی شعبے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور تھائی خواتین ارکان پارلیمان کے درمیان مطالعاتی دوروں اور باہمی تبادلوں سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے خواتین کے امن و سلامتی سے متعلق اقدامات، صنفی حساس بجٹ سازی اور خواتین کی ترقی کے پروگراموں میں مزید تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
شاہدہ بیگم نے دونوں ممالک کی خواتین پارلیمنٹرینز کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے کی تجویز پیش کی تاکہ باہمی سیکھنے اور تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
تھائی سفیر رونگ ودھی ویرا بُتر نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا کہ تھائی لینڈ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین اور ویمن پارلیمنٹری کاکس کے تعاون سے خواتین کی معاشی ترقی کے مختلف منصوبوں میں شریک ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ میں جاری خواتین کی معاشی خودمختاری کے منصوبے، کاروباری تربیت، فنی مہارتوں اور زرعی شعبے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز 30 خواتین شرکاء کے ساتھ ہو چکا ہے جبکہ جولائی اور اگست میں مزید تربیتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
ملاقات میں خواتین، امن اور سلامتی کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تھائی سفیر نے بتایا کہ تھائی لینڈ خواتین، امن اور سلامتی سے متعلق قومی لائحہ عمل متعارف کرا رہا ہے اور اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امن سازی، تنازعات کی روک تھام اور قیادت کے شعبوں میں خواتین کے کردار کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون مفید ثابت ہوگا۔ اس موقع پر پائیدار ترقیاتی اہداف 2030 کے حصول میں خواتین کی معاشی خودمختاری کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا۔





