
راولپنڈی(اظہار خان نیازی) پاکستان آرمی کی نمائندگی کرنے والی پاکستان ملٹری اکیڈمی کی ٹیم نے برطانیہ میں منعقدہ باوقار بین الاقوامی پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ملک کا نام روشن کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ مقابلہ رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں منعقد ہوا، جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کی ٹیم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام بڑے اعزازات اپنے نام کر لیے۔
پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن کی ٹرافی، بہترین پیس اسٹکر اور بہترین ڈرائیور کے ایوارڈز حاصل کر کے مقابلے میں کلین سوئپ کیا۔
9 رکنی پاکستانی دستے کی قیادت میجر حیدر گلزار نے کی، جو 5 جون 2026 کو برطانیہ پہنچا تھا۔
سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والے اس سخت مقابلے میں مختلف ممالک کی افواج کی 16 ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان آرمی ٹیم کی یہ کامیابی پاک فوج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، بہترین تربیت، نظم و ضبط اور غیر متزلزل عزم کی عکاس قرار دی جا رہی ہے۔
دفاعی حلقوں کے مطابق عالمی سطح پر حاصل ہونے والی یہ نمایاں کامیابی پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بین الاقوامی عسکری مقابلوں میں اس کی بہترین کارکردگی کا ایک اور ثبوت ہے۔





