راولپنڈی آرٹس کونسل میں مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے زیرِ اہتمام شاندار یومِ آزادی کی تقریب

راولپنڈی آرٹس کونسل میں مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے زیرِ اہتمام شاندار یومِ آزادی کی تقریب
​راولپنڈی (خصوصی رپورٹر): راولپنڈی آرٹس کونسل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ ضلع راولپنڈی کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کے پرمسرت موقع پر ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سینیٹر ناصر بٹ تھے، جنہوں نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ آزادی کا کیک کاٹا۔
​تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا گیا، جس کے بعد شرکاء میں ملی جوش و جذبہ دیدنی تھا۔
​تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ آزادی جیسی نعمت کی قدر وہی قومیں جانتی ہیں جو طویل جدوجہد کے بعد اسے حاصل کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ محنت کش طبقے اور غریب عوام کی آواز بنی ہے اور پارٹی قائدین نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے ہمیشہ عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی، استحکام اور جمہوریت کے فروغ کے لیے متحد ہو کر کام کریں اور قائد محمد نواز شریف کے ویژن کو گھر گھر پہنچائیں۔
​سینیٹر ناصر بٹ کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر خالد سعید بٹ، ضلعی صدر ملک طارق بشیر، صدر لیبر ونگ ضلع مری بشیر احمد ستی، صدر پی پی 17 شہزاد عباسی، جنرل سیکرٹری پی پی 17 حماد عباسی، لیگل ایڈوائزر مبشر ظہور عباسی، اور جنرل سیکرٹری پی پی 17 چوہدری عبدالرشید نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض قیصر امتیاز ستی نے بخوبی انجام دیے۔
​مقررین نے اپنے خطاب میں وطنِ عزیز سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ غیر متزلزل وفاداری کا تجدیدِ عہد کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی ترقی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے مسلم لیگ (ن) کی خدمات تاریخی ہیں اور پارٹی کارکنان ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
​تقریب میں حافظ عبداللہ بٹ، سردار طارق، مرزا منصور بیگ، ملک عامر، نمبردار اسد ستی، میڈیا کوآرڈینیٹر قیصر امتیاز ستی، صدر کوٹلی ستیاں صوفی جاوید اختر ستی، کوآرڈینیٹر کلر کہار ملک شاہنواز، ملک انور اور ملک شہباز سمیت لیبر ونگ کے دیگر عہدیداران اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
​تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جبکہ شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” اور "مسلم لیگ (ن) زندہ باد” کے فلگ شگاف نعرے لگا کر فضا کو گرما دیا۔