عیدگاہ شریف راولپنڈی کے دورے میں دینی و روحانی خدمات کو خراجِ تحسین، قومی مفاد، جمہوری استحکام، معاشی ترقی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور
راولپنڈی (اظہار خان نیازی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت قومی اتحاد، سیاسی استحکام، آئینی بالادستی اور معاشی مضبوطی کی اشد ضرورت ہے، تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی میں عیدگاہ شریف کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں سجادہ نشین پیر سید محمد حسن حسیب الرحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریئٹ، وفاقی وزیر تعلیم خالد محمود صدیقی اور وزیراعظم کے مشیر برائے کرپٹو کرنسی بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران پیر سید محمد حسن حسیب الرحمٰن نے عیدگاہ شریف کی تاریخ، دینی و روحانی خدمات، اصلاحی کردار اور سلسلۂ تصوف کی روایات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عیدگاہ شریف گزشتہ ڈیڑھ صدی سے زائد عرصے سے روحانی تربیت، دینی تعلیمات، ذکر و فکر، محافلِ میلاد اور اسلامی اقدار کے فروغ کا اہم مرکز ہے، جہاں ملک و بیرونِ ملک سے لاکھوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے عیدگاہ شریف کی دینی، روحانی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام اور صوفیائے عظام نے ہمیشہ محبت، رواداری، اخوت، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کا دین ہے، جبکہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور نفرت انگیزی کی اس میں کوئی گنجائش نہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمان قومی اتفاقِ رائے، مکالمے اور جمہوری روایات کے فروغ کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی، غربت، بے روزگاری اور دیگر قومی مسائل سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کو اتحاد، برداشت اور باہمی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مضبوط جمہوری ادارے، قومی یکجہتی اور عوام کی اجتماعی قوت پاکستان کو ہر چیلنج سے کامیابی کے ساتھ ہمکنار کرے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عیدگاہ شریف جیسے روحانی مراکز آئندہ بھی محبت، برداشت، مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب احترام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔





