اسلام آباد (اظہار خان نیازی) ویمنز پارلیمنٹری کاکس (ڈبلیو پی سی) کی سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور خصوصی کمیٹی برائے جینڈر مین اسٹریمنگ کی چیئرپرسن و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اسلام آباد میں قائم رائل تھائی سفارتخانے کا دورہ کیا اور تھائی لینڈ کی شاہی خاندان کی رکن، شہزادی ہر رائل ہائینس شہزادی باجراکتیابھا نریندیرا دیبیہ وتی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
دونوں پارلیمنٹرینز نے سفارتخانے میں کھولی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور شاہی خاندان، حکومتِ تھائی لینڈ اور تھائی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے مرحوم شہزادی کی عوامی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خواتین کے حقوق، سماجی انصاف اور عوامی فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے شہزادی کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ رہیں گی۔
ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے بھی شہزادی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نے سماجی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے مختلف اقدامات میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے تھائی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر کہا گیا کہ یہ دورہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے اور اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستانی خواتین پارلیمنٹرینز دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
ویمنز پارلیمنٹری کاکس نے شاہی خاندان اور تھائی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسی باوقار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت کے انتقال کے غم میں برابر کے شریک ہیں جن کی خدمات اور ورثہ آئندہ نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔





