آر ڈی اے میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

راولپنڈی(جنرل رپورٹر) کمشنر راولپنڈی اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر آر ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ آر ڈی اے کی عمارت کے مرکزی حصے سمیت مری روڈ پر مرید چوک سے لیاقت باغ تک اور دیگر اہم مقامات کو قومی پرچموں، جھنڈیوں، حب الوطنی پر مبنی پینٹنگز اور برقی قمقموں سے سجایا گیا، جس سے یومِ آزادی کی خوشی اور قومی جذبے کی بھرپور عکاسی ہوئی۔ تقریب کے دوران ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے مسعود احمد بخاری اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن آر ڈی اے نوشین اسرار نے یومِ آزادی کا کیک کاٹا اور آر ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں پودے بھی لگائے۔ شجرکاری کا مقصد سرسبز اور صحت مند پاکستان کے عزم کا اظہار تھا۔ تقریب میں چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میو، ڈائریکٹر لینڈ غنظفر علی اعوان، ڈائریکٹر فنانس مسعود ارشد، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ افتخار علی، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی داؤد خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن عائشہ بدر سمیت آر ڈی اے کے دیگر افسران، اہلکاروں اور ملازمین نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے سلمان غنی نے قوم کو پاکستان کے 79ویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کے حصول کے لیے بے شمار قربانیاں دیں اور بے پناہ مشکلات برداشت کیں۔ یومِ آزادی ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی عظیم جدوجہد اور ان کے وژن و عزم کی یاد دلاتا ہے، جن کی قیادت میں پاکستان ایک حقیقت بنا۔ انہوں نے قومی ہیروز کی خدمات کو یاد رکھنے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے ملک میں آزادی اور وقار کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں تو اس کے پیچھے ہماری مسلح افواج کی بے مثال قربانیاں شامل ہیں۔ پاک فوج نے ہمیشہ قومی ذمہ داریاں بھرپور عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ ادا کی ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کو خوشی، اتحاد اور ملک کی امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ منایا جائے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ پاکستان کو ہمیشہ محفوظ رکھے اور قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ پاکستان تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے ترقی کی راہ پر مزید آگے بڑھے گا۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تقریب میں ملی جذبے اور حب الوطنی کا بھرپور اظہار کیا گیا اور پاکستان کی ترقی، اتحاد اور خوشحالی کے عزم کی تجدید کی گئی۔۔۔۔۔۔