یومِ آزادی پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور خوشحالی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، چوہدری انعام ظفر، حافظ عثمان عباسی

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)
عوام پاکستان کے مرکزی نائب صدر چوہدری انعام ظفر اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حافظ عثمان عباسی نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ہمیں قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کی قدر اور حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اپنے اہم بیان میں کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ملکی سیاست میں مثبت، متحرک اور تعمیری سوچ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ پارٹی کا مقصد عوام کو بااختیار بنانے، جمہوری اقدار، آئین و قانون کی بالادستی، میرٹ اور شفافیت کو فروغ دے کر پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ملک بنانا ہے۔چوہدری انعام ظفر اور حافظ عثمان عباسی نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ قومی ذمہ داریوں اور مستقبل کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ مثبت سوچ، اتحاد، سیاسی برداشت، دیانت داری اور اجتماعی جدوجہد سے کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے، انہیں فیصلہ سازی میں مؤثر کردار دینے اور تعلیم و روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی کو اہم سمجھتی ہے۔ پاکستان کا مستقبل باصلاحیت نوجوانوں سے وابستہ ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خودمختاری کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔ عوام پاکستان پارٹی ایک مثبت اور متحرک سیاسی سوچ کے ذریعے ملک میں ایسی سیاست کے فروغ کے لیے کوشاں ہے جو عوامی مسائل کے حل، معاشی استحکام اور قومی ترقی کو اپنا محور بنائے۔انہوں نے پوری قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، جمہوری، خوشحال اور باوقار ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔
پاکستان زندہ باد!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔