پاسپورٹ پر جعلی پاکستانی اور مشکوک ملائیشین امیگریشن مہریں پائی گئیں، مقدمہ درج کرنے کے لیے مسافر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے
اسلام آباد (آصف ملک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن اسلام آباد نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پاسپورٹ پر جعلی امیگریشن اسٹمپس رکھنے والے ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر تھائی ایئرویز کی پرواز ٹی جی 350 کے ذریعے وزٹ ویزے پر ملائیشیا جا رہا تھا۔ سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران اس کے سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کی گئی تو پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 7 پر پاکستانی انٹرنیشنل ڈیپارچر کی جعلی امیگریشن مہر لگی ہوئی پائی گئی، جبکہ اسی صفحے پر موجود ملائیشین امیگریشن کی آمد اور روانگی کی مہریں بھی مشکوک قرار دی گئیں۔
ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے، جہاں واقعے کے مختلف پہلوؤں کی چھان بین جاری ہے۔





