گلگت بلتستان پولیس میں اہم تبدیلی، کیپٹن (ر) پرویز احمد چانڈیو نئے آئی جی مقرر

27 سالہ پیشہ ورانہ تجربہ رکھنے والے افسر نے ماضی میں ایس ایس پی گلگت اور اے آئی جی آپریشنز سمیت اہم ذمہ داریاں نبھائیں

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) گلگت بلتستان پولیس میں اہم انتظامی تبدیلی کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس گلگت بلتستان کا تبادلہ کر دیا گیا ہے، جبکہ کیپٹن (ر) پرویز احمد چانڈیو، پی ایس پی کو نیا انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان مقرر کر دیا گیا ہے۔
پرویز احمد چانڈیو اس سے قبل سندھ پولیس میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ تقریباً 27 سالہ پیشہ ورانہ تجربہ رکھتے ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں اہم انتظامی اور آپریشنل ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
پرویز احمد چانڈیو ماضی میں گلگت بلتستان میں ایس ایس پی گلگت اور اے آئی جی آپریشنز سمیت متعدد اہم عہدوں پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں، جس کے باعث انہیں خطے کے سکیورٹی، پولیسنگ اور انتظامی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کی تقرری سے گلگت بلتستان پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد، امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔