راولپنڈی(سٹی رپورٹر)
صبر، شکر اور حسنِ اخلاق اسلامی تعلیمات کا بنیادی پیغام ہیں، علامہ سید ریاض حسین شاہ
ادارہ تعلیمات اسلامیہ، خیابان سرسید راولپنڈی کے سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ حقیقی مومن آزمائش میں صبر اور نعمتوں پر شکر کا دامن نہیں چھوڑتا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے صلح حدیبیہ اور فتح مکہ کے موقع پر عفو، درگزر، رحمت اور برداشت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
دینی درس کی محفل کی میزبانی کے فرائض علامہ شیخ محمد قاسم نے انجام دیے،اس موقع پر علماء کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ادارہ تعلیمات اسلامیہ، خیابان سرسید راولپنڈی میں دینی و فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ اختلافِ رائے کے باوجود گالی گلوچ، تضحیک اور کردار کشی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بڑھتا ہوا یہ رجحان تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حق کے لیے جدوجہد ضرور کریں، مگر زبان اور اخلاق کو آلودہ نہ ہونے دیں۔
علامہ ریاض حسین شاہ نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی علمی و روحانی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حقیقی روحانی ترقی صبر، ذکرِ الٰہی، تزکیۂ نفس اور حسنِ اخلاق سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے واقعۂ کربلا سے استقامت اور صبر کا سبق اپنانے کی تلقین کی۔ نشست کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور اسلامی تعلیمات پر عمل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





