*پمز سانحہ، 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر صفدر عباسی اور ناہید خان کا اظہارِ افسوس*

 

اسلام آباد(جنرل رپورٹر)
پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی پولیٹیکل اسسٹنٹ ناہید خان نے پمز ہسپتال اسلام آباد میں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،اور مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف، جامع اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال کا سانحہ انتہائی دل دہلا دینے والا ہے، جس نے ہر حساس دل کو غمزدہ کر دیا ہے۔ معصوم بچوں کی زندگیوں کا یوں ضائع ہونا ان کے والدین اور اہلِ خانہ کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے والدین و اہلِ خانہ کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر و ہمت دے۔صفدر عباسی اور ناہید خان نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف، جامع اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت، لاپروائی یا فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ 14 معصوم بچوں کی قیمتی جانیں واپس نہیں لائی جا سکتیں، تاہم اس سانحے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کا تعین اس امر کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ مستقبل میں کسی اور خاندان کو ایسے ناقابلِ برداشت سانحے سے نہ گزرنا پڑے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔