ریاض(بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کی عمرہ کی سعادت کی ادائیگی کے بعد ان کی رہائش گاہ پر ایک پرتکلف ملاقات کا اہتمام کیا گیا، جہاں پارٹی رہنماؤں نے انہیں عمرہ کی ادائیگی پر دلی مبارکباد پیش کی اور آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر بھی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدر ایسٹ ریجن ریاض چوہدری جمیل ربانی، صدر یوتھ ونگ سعودی عرب ملک جی ایم اعوان اور سماجی ورکر محمد افضل نے شیخ سعید احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، تنظیمی معاملات، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور مسلم لیگ (ن) کی آئندہ سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد نے شیخ سعید احمد کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی عبادات قبول فرمائے اور انہیں مزید دینی و سماجی خدمات انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔
ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نمایاں کامیابی پر بھی اظہارِ مسرت کیا گیا۔ رہنماؤں نے اس کامیابی کو عوام کے قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پارٹی قیادت پر بھرپور اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عوامی خدمت، بہتر حکمرانی اور پارٹی کی مؤثر پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
اس موقع پر شیخ سعید احمد نے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور جمہوری نظام کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد، نظم و ضبط اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ جماعت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔





