مسلم لیگ ن ویمن ونگ کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی پروقار تقریب

خواتین کا بڑا اجتماع، کیک کاٹا گیا، طاہرہ مشتاق، نزہت صادق اور آسیہ تنولی کا خطاب

راولپنڈی(سٹی رپورٹر) یومِ آزادی کے حوالے سے مسلم لیگ ن ویمن ونگ کے زیر اہتمام خواتین کا بڑا اجتماع منعقد ہوا، جس کی میزبانی ایم پی اے اور ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات و نشریات محترمہ طاہرہ مشتاق نے کی۔ مسلم لیگ ن شعبہ خواتین ضلع اور ڈویژن کی تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ پروقار تقریب میں جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔

تقریب میں مہمان خصوصی ایم این اے اور مسلم لیگ ن شعبہ خواتین پاکستان کی صدر محترمہ نزہت صادق نے شرکت کی جبکہ ایم این اے آسیہ ناز تنولی، ڈویژنل صدر زہرہ ودود فاطمی، ایم این اے ہما چغتائی، ایم این اے روبینہ تحسین، طاہرہ عباسی، زریدہ نثار، فوزیہ قمر، ثمینہ عارف، مسز شمسہ خرم، گل آفرین اور دیگر پارٹی عہدیداران سمیت خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے طاہرہ مشتاق، ایم این اے نزہت صادق اور آسیہ ناز تنولی نے کہا کہ جشنِ آزادی تجدیدِ عہد کا دن ہے، پاکستانی قوم ہر سال یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے مناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا، جس کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مقررین نے کہا کہ خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور مسلم لیگ ن کی خواتین کارکنان بھی جمہوری جدوجہد، عوامی خدمت اور پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گی۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔