اسلام آباد(سٹی رپورٹر)
پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر علی عباسی اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی معاون ناہید خان نے کہا کہ یومِ آزادی قائدِ اعظم کے پاکستان، 1973ء کے آئین، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر محترمہ ناہید خان اور ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے اپنے دیگر عہدیداران فیاض خان، سردار حر بخاری، رائے قیصر، ملک مظہر، امجد بلوچ ، نوید صادق ،غلام علی، فرح ابراہیم خان، ساجدہ میر، محبوب سلطانہ و دیگر کے ہمراہ اپنے اہم بیان میں کہا کہ یومِ آزادی تحریکِ پاکستان کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے اور ملک کی ترقی و خودمختاری کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ قائدِ اعظم نے مساوی شہریت، انصاف، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق پر مبنی پاکستان کا تصور پیش کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 1973ء کا آئین قومی اتفاقِ رائے، جمہوری نظام اور عوامی حقوق کا بنیادی ضامن ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت، قومی خودمختاری اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد پاکستان کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے۔پی پی پی ورکرز نے آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی مضبوطی، عوامی مینڈیٹ کے احترام، صوبائی خودمختاری اور شہری آزادیوں کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جمہوری، پرامن، خودمختار، خوشحال اور منصفانہ پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
پاکستان زندہ باد، عوام زندہ باد، جمہوریت پائندہ باد۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





