اسلام آباد(سٹی رپورٹر)
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے نومقرر چیئرمین انجینئر قمرالاسلام راجہ سے ملاقات کی، جس میں ملک بھر کے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم یوتھ پروگرام اور نیوٹیک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ نوجوانوں کے لیے پیشہ ورانہ تربیت، ہنر مندی کے فروغ، روزگار کے بہتر مواقع اور استعدادِ کار میں اضافے کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو معیاری تکنیکی تعلیم اور عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ وہ ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی روزگار کی منڈی میں بھی کامیابی حاصل کر سکیں۔ ملاقات میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود، ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور پاکستان کی معاشی ترقی میں تکنیکی تعلیم کے کلیدی کردار پر بھی زور دیا گیا۔





