*ڈی سی راولپنڈی سے ایپسما شمالی پنجاب کے وفد کی ملاقات، تعلیمی اداروں اور یومِ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو*
راولپنڈی(جنرل رپورٹر) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما) شمالی پنجاب کے صدر و ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی ابرار احمد خان کی قیادت میں وفد نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں نائب صدر شمالی پنجاب کرنل ر فواد حنیف، کرنل ر توصیف احمد اور شاہد حسن بھی شامل تھے۔
ابرار احمد خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر صدر ایپسما شمالی پنجاب ابرار احمد خان نے راولپنڈی میں تعلیمی اداروں کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی نظام کے تحت چلنے والے تعلیمی ادارے 3 اگست سے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ پنجاب کے نجی تعلیمی ادارے موسمِ گرما کی تعطیلات کے باعث بند ہیں۔ انہوں نے بالخصوص جماعت نہم اور دہم کے طلبہ کے قیمتی تعلیمی وقت کے ضیاع کی نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان جماعتوں کے طلبہ کو محدود اور مناسب ایس او پیز کے تحت کلاسز کے انعقاد کی اجازت دی جائے تاکہ امتحانات کی تیاری متاثر نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر نے وفد کو بتایا کہ فیڈرل ڈائرکٹوریٹ کے تحت چلنے والے تعلیمی ادارے صرف راولپنڈی تک محدود نہیں بلکہ ملک بھر میں قائم ہیں اور وہ وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت کام کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر متعلقہ حکام سے بات کریں گے تاکہ کوئی قابلِ عمل راستہ نکالا جا سکے۔
ملاقات کے دوران 14 اگست، یومِ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ابرار احمد خان نے نجی تعلیمی اداروں میں یومِ آزادی کی تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے درپیش مشکلات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ اس پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے واضح کیا کہ نجی تعلیمی اداروں کو 14 اگست کی تقریبات منانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے یومِ آزادی کے حوالے سے پروگرام منعقد کریں اور طلبہ کو آزادی کی اہمیت، قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور وطنِ عزیز کی قدر و منزلت سے آگاہ کریں۔
ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے اس درخواست پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ نجی تعلیمی اداروں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے گا اور متعلقہ فورمز پر ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
ایپسما شمالی پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کے مثبت رویے اور نجی تعلیمی شعبے کے مسائل سننے پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا شکریہ ادا کیا۔





