اٹک ( سٹاف رپورٹر)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نے ضلع اٹک کا دورہ کیا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید، اسسٹنٹ کمشنر اٹک عارف قریشی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اٹک سردار آفتاب احمد خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو ضلع اٹک میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت، معیارِ تعمیر، فنڈز کے استعمال اور تکمیل کی متوقع مدت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ افسران نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تمام منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو بروقت بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی معیار، رفتارِ کار اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ تمام منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر منصوبہ مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل ہونا چاہیے۔بعد ازاں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے تحصیل حضرو کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے پیش رفت کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی معیاری تکمیل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو یقین دلایا کہ ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور انہیں مقررہ مدت میں بہترین معیار کے ساتھ مکمل کرکے عوام کے لیے دستیاب بنایا جائے گا۔





