راجہ پرویز اشرف نے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کر دی، کلیام اعوان روڈ پر عملی کام کا آغاز

راجہ پرویز اشرف نے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کر دی، کلیام اعوان روڈ پر عملی کام کا آغاز

راولپنڈی(صنوبر کیانی)

پاکستان پیپلز پارٹی یوتھ ونگ گوجرخان کے صدر راجہ تیمور صفدر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت، عملی سیاست اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلیام اعوان کے عوام عرصہ دراز سے رنگ روڈ سے منسلک سڑک کی خستہ حالی اور آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ جب یہ مسئلہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے نوٹس میں لایا گیا تو انہوں نے فوری طور پر علاقے کا دورہ کیا، عوامی مشکلات کا جائزہ لیا اور سڑک کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کروا دیا۔

راجہ تیمور صفدر نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے نہ صرف سڑک کی ازسرنو تعمیر کا وعدہ کیا بلکہ بجٹ کے بعد اس منصوبے کو مکمل کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ان کے مطابق منصوبے پر ابتدائی کام کا آغاز علاقہ مکینوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوا ہے اور عوام عملی خدمت اور محض اعلانات میں فرق کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس منصوبے کے حوالے سے مختلف اعلانات سامنے آئے، تاہم عوام کو وہ عملی نتائج حاصل نہ ہو سکے جن کی انہیں توقع تھی۔ ان کے بقول راجہ پرویز اشرف نے ہمیشہ میدانِ عمل میں رہ کر عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی ان پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔

راجہ تیمور صفدر نے مزید کہا کہ راجہ پرویز اشرف ایک مدبر، عوام دوست اور تجربہ کار سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے حلقے کے عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ کلیام اعوان کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ ان کے مسائل کے حقیقی حل کے لیے کس نے عملی کردار ادا کیا اور کون صرف وعدوں تک محدود رہا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔