ویٹرن انکلیو لمیٹڈ کے سی ای او کو شوکاز نوٹس جاری، عوام غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے محتاط رہیں: آر ڈی اے

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے ویٹرن انکلیو لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ کارروائی کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔

ترجمان آر ڈی اے کے مطابق ٹیکسلا میں واقع ویٹرن انکلیو لمیٹڈ کی جانب سے آر ڈی اے سے قانونی منظوری حاصل کیے بغیر سوشل میڈیا، آن لائن پلیٹ فارمز اور دیگر ذرائع سے تشہیر، مارکیٹنگ اور پلاٹوں کی فروخت کی جا رہی تھی، جس پر ادارے نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے انجینئر عامر خٹک نے عوام الناس کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں اور اپنی جمع پونجی ایسے منصوبوں میں لگانے سے قبل ان کی قانونی حیثیت اور آر ڈی اے سے منظوری کی تصدیق ضرور کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض ڈویلپرز اور مالکان کی جانب سے این او سی حاصل ہونے کے جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

آر ڈی اے نے ویٹرن انکلیو لمیٹڈ کے سپانسرز اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم کی تشہیر اور مارکیٹنگ فوری طور پر بند کریں اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے این او سی کے حصول کے لیے آر ڈی اے سے رجوع کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان آر ڈی اے کے مطابق غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی تشہیر اور عوام کو گمراہ کرنے کے معاملات پر قومی احتساب بیورو، سائبر کرائم ونگ اسلام آباد، سوئی ناردرن گیس، ڈسٹرکٹ کلکٹر راولپنڈی اور ضلع کونسل راولپنڈی سمیت متعلقہ اداروں کو بھی کارروائی کے لیے مراسلے ارسال کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی و غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں، کمرشل سرگرمیوں، بکنگ دفاتر اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کے مفادات کا تحفظ اور قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔