کاروبار میں بہتری کیلئے حکومت ٹیکسوں کے بوجھ میں توازن پیدا کرے
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)
صدر جی ایٹ مرکز و اسلام آباد موٹر کارز ڈیلرز ایسوسی ایشن عجب خان نے کہا ہے کہ گاڑیوں کی ٹرانسفر فیسوں اور غیر ضروری ٹیکسوں میں کمی لائی جائے، گاڑیوں کی خریدوفروخت پر ایڈوانس ٹیکس اور سی وی ٹی کا بار بار نفاذ اس کاروبار سے منسلک اسٹیک ہولڈرز کیلئے شدید پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے،حکومت ٹیکسوں کے بوجھ میں توازن پیدا کرے تاکہ گاڑیوں کی خرید و فروخت میں کمی نہ آئے۔ٹیکسوں کا متوازن نظام ہی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور حکومتی محصولات میں پائیدار اضافہ لا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آٹو موبائل سیکٹر کے نمائندوں سے مشاورت کرتے ہوئے ایسی پالیسیاں تشکیل دیں جو کاروبار دوست ہوں، گاڑیوں کی ٹرانسفر فیسوں اور غیر ضروری ٹیکسوں میں کمی لائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نجی شعبہ حکومت کے ساتھ مل کر آٹو موبائل صنعت کی ترقی اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔





