پٹرول 74 اور ڈیزل 67 روپے سستا کرنا وزیرِ اعظم کا تاریخی عوام دوست اقدام ہے، سردار ظہور اقبال

فتح جنگ (وسیم علی) پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سرکردہ رہنما سردار ظہور اقبال نے وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کی تاریخی کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوام دوست اور غریب پرور اقدام قرار دیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس قدر بڑے پیمانے پر کمی کی گئی موجودہ حکومت کا عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کی مخلصانہ کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سردار ظہور اقبال نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں غیر معمولی کمی کر کے عوام کو بہت بڑا اور حقیقی ریلیف دیا ہے، جس کے دوررس اور مثبت اثرات معیشت کے تمام شعبوں پر مرتب ہوں گے۔ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں کم ہونے سے مال برداری اور سفری اخراجات میں واضح کمی آئے گی، جس سے عام استعمال کی اشیاء کی قیمتیں نیچے آئیں گی اور تنخواہ دار و سفید پوش طبقے کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ملکی معیشت کی بحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کاربند رہی ہے۔ سمندر پار مقیم پاکستانی بھی موجودہ حکومت کے اس معاشی ریلیف پیکج کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سردار ظہور اقبال نے امید ظاہر کی کہ حکومت کے اس جرات مندانہ فیصلے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور تاجر برادری ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں فوری کمی کر کے اس ریلیف کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔