رضائے الٰہی ویلفیئر کی مارگلہ کے جنگلات میں بے زبان جانوروں کو خوراک فراہم کرنے کی مہم

راشن کی تقسیم اور مستحق خاندانوں کی مدد کے ساتھ دامنِ کوہ اور پیر سوہاوہ میں بندروں اور دیگر جنگلی جانوروں کے لیے خوراک کا اہتمام

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)فلاحی تنظیم رضائے الٰہی ویلفیئر نے اپنی سماجی و فلاحی سرگرمیوں کے تسلسل میں مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم، بیواؤں اور ضرورت مند افراد کی مالی معاونت اور گھروں تک کھانا پہنچانے کے ساتھ ساتھ مارگلہ کی پہاڑیوں، دامنِ کوہ اور پیر سوہاوہ کے جنگلات میں بے زبان جانوروں اور بندروں کے لیے خوراک کا بھی اہتمام کیا۔

تنظیم کے رضاکاروں نے مختلف مقامات پر صاف ستھری اور معیاری خوراک رکھی تاکہ جنگلی جانوروں کو خوراک کی قلت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ تنظیم کے مطابق موسمی حالات کے باعث اکثر جنگلات میں بے زبان جانور خوراک نہ ملنے کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں، جبکہ اس جانب عمومی طور پر کم توجہ دی جاتی ہے۔

رضائے الٰہی ویلفیئر کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت بھی عبادت ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو انسانوں کے ساتھ ساتھ بے زبان جانوروں کی دیکھ بھال اور ان کے تحفظ میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس موقع پر موجود شہریوں نے تنظیم کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے رضائے الٰہی ویلفیئر کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ دیگر فلاحی ادارے بھی ایسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

تنظیم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کوشش ہونی چاہیے کہ ہر انسان کسی کی زندگی میں خیر، روشنی اور سہارا بنے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق سے محبت اور خدمت ہی معاشرے میں ہمدردی، رحمت اور باہمی تعاون کو فروغ دیتی ہے۔