داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)آر پی او سرگودہا کا میانوالی کا دورہ کھلی کچہری لگائی اور پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کی ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا ریجن محمد شہزاد آصف خان نے ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل اور ایس پی انوسٹی گیشن میانوالی مہر محمد ریاض ناز کے ہمراہ کمپلینٹ سیل ڈی پی او آفس میانوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست آر پی او کے سامنے پیش کیں۔آر پی او سرگودھا نے شہریوں کی شکایات توجہ سے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ سرکل افسران کو فوری اور میرٹ پر کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
کھلی کچہری کے دوران آر پی او نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، پولیس دفاتر اور تھانوں میں آنے والے شہریوں کو عزت و احترام سے پیش آئیں اور ان کے مسائل قانونی دائرے میں رہتے ہوئے فوری حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا اور اعتماد کو فروغ دینا ہے۔آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان نے ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بہرام ہال میں پولیس افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا۔ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل نے ضلع کے مجموعی کرائم کے متعلق بریف کیا۔
کرائم میٹنگ میں ایس پی انوسٹی گیشن میانوالی محمد ریاض ناز سمیت تمام سرکل کے ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی لیگل، ڈی ٹی او ٹریفک، ڈی ایس پی سیف سٹی میانوالی اور دیگر افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ضلع بھر کے تمام سرکلز اور تھانوں میں مجموعی کرائم کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور جرائم میں کمی لانے کیلئے مؤثر حکمت عملی پر غور کیا۔ آر پی او سرگودھا نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ اشتہاری مجرمان، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں تیز کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، لہٰذا تمام افسران اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔





