پٹرولنگ پوسٹ بحریہ ٹاؤن میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب

ایس پی غازی فیصل سلیم کی خصوصی شرکت، قومی پرچم کو سلامی، شہریوں کا بھرپور اظہارِ حب الوطنی

راولپنڈی(عمر خان/کرائم رپورٹر) یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر پٹرولنگ پوسٹ بحریہ ٹاؤن، ضلع راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی غازی فیصل سلیم، ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی ریجن نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران قومی پرچم لہرایا گیا اور پرچم کو باقاعدہ سلامی پیش کی گئی۔ پنجاب ہائی وے پٹرول کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی اور قومی یکجہتی، وطن سے محبت اور جذبۂ حب الوطنی کا بھرپور اظہار کیا۔

اس موقع پر یومِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا جبکہ ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، استحکام اور بقا کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ایس پی غازی فیصل سلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کی قدر اور حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور قومی جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول کے افسران و جوان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور شاہراہوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فرائض پوری ذمہ داری، فرض شناسی اور قومی جذبے کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان پائندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔