اسلام آباد(نیوز رپورٹر) پروفیشنل کالج آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اسلام آباد اور چیمبرز آف کامرس کے مشترکہ تعاون سے یومِ آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، کاروباری برادری، طلبہ و طالبات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ظفر بختاوری تھے، جبکہ پروفیشنل کالج آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی پرنسپل زینت الاسلام اور مینجنگ ڈائریکٹر محراب علی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
اعزازی مہمان ڈاکٹر قادر بلوچ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیشنل کالج آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی جانب سے ایسی پروقار جشنِ آزادی کی تقریب کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کی بھرپور شرکت کی تعریف کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ نوجوان محنت جاری رکھیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر قادر بخش بلوچ نے بھی تقریب میں شرکت کی اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جو ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
جشنِ آزادی کی مناسبت سے نرسنگ کے طلبہ و طالبات نے پنجابی، سندھی، پختون، بلوچی اور گلگتی ثقافتوں کے روایتی ملبوسات زیبِ تن کرکے ثقافتی واک پیش کی، جسے شرکاء نے بھرپور سراہا۔ طلبہ و طالبات نے پاکستان کی ثقافتی رنگارنگی کو اجاگر کیا، جس پر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات اور دیگر شرکاء میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے تحائف اور سیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔





