*دی سٹی اسکول، سیٹلائٹ ٹاؤن کیمپس کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے پودے لگائے،*
راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ایم ڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیرِ اہتمام علامہ اقبال پارک راولپنڈی میں خصوصی شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ شجرکاری مہم کا مقصد شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں خصوصاً نوجوان نسل میں ماحولیاتی تحفظ اور درختوں کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔
اس موقع پر دی سٹی اسکول، سیٹلائٹ ٹاؤن کیمپس کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے عملے کے ہمراہ بھرپور شرکت کی اور مختلف مقامات پر پودے لگائے۔
طلبہ و طالبات نے شجرکاری سرگرمی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ درختوں کی حفاظت اور ماحول کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے حکام نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر شجرکاری مہم کا انعقاد اس بات کی علامت ہے کہ وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ صاف اور صحت مند ماحول کا تحفظ بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شہر میں گرین اسپیسز کے فروغ، پارکس کی خوبصورتی اور شجرکاری کے لیے مختلف اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے شہریوں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں تاکہ راولپنڈی کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔





