سید یوسف رضا گیلانی کی قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت، سیاحت، زراعت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں، شیخ نایف بن عید آل ثانی
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے قطر کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت ممتاز کاروباری شخصیت اور شاہی خاندان کے سینئر رکن شیخ نایف بن عید آل ثانی نے کی۔ چیئرمین سینیٹ نے قطری وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہب اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور سماجی و سیاسی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے قطری وفد کو بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، جس کا موضوع موجودہ عالمی ماحول کے تناظر میں ’’امن، سلامتی اور ترقی‘‘ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس کا آغاز انہوں نے بانی چیئرمین کی حیثیت سے کیا اور اسلام آباد میں ہونے والی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں قطر کے معزز اسپیکر کی شرکت کو سراہا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی اور علاقائی سطح پر امن اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کرتے ہوئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مکہ معاہدے کی اہمیت کو سراہا۔ انہوں نے شیخ نایف بن عید آل ثانی کی کاروباری بصیرت اور پاکستان و قطر کے درمیان معاشی و تجارتی روابط کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
چیئرمین سینیٹ نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت، زراعت، توانائی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
شیخ نایف بن عید آل ثانی نے پرتپاک میزبانی پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور امن، مکالمے، ترقی اور علاقائی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مکہ معاہدے کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے میں استحکام، سلامتی اور مسلم دنیا کے اتحاد کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
قطری وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ شیخ نایف بن عید آل ثانی نے قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے مزید سہولیات اور تعاون کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
ملاقات کے موقع پر چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی سفیر مصباح کھر بھی موجود تھیں۔





