خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، ادارہ جاتی تعاون اور جامع معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد (سردار یوسف خان) ساہیوال ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی صدر حمیرا بخاری نے جمعہ کو سینیٹ چیئرمین پاکستان کی مشیر اور بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی سفیر مصباح کھر سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کے ملکی معیشت میں کردار، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، ادارہ جاتی تعاون اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر حمیرا بخاری نے ساہیوال ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے خواتین کو کاروباری سہولیات، تربیت، استعداد کار میں اضافے، روابط کے فروغ اور خواتین دوست معاشی پالیسیوں کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر خواتین کو اختراع، مہارتوں کے فروغ اور پائیدار کاروباری ترقی کے ذریعے قومی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
مصباح کھر نے ساہیوال ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری پائیدار قومی ترقی اور جامع اقتصادی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کاروباری شخصیات کی نمائندہ تنظیموں اور سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ درپیش چیلنجز کا حل نکالا جا سکے اور خواتین کی کاروباری صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا نہ صرف خاندان اور معاشرے کو مضبوط کرتا ہے بلکہ پاکستان کی مجموعی اقتصادی مضبوطی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
مصباح کھر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں سینیٹ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے، جامع ترقی، فیصلہ سازی میں ان کی مؤثر شمولیت اور معاشی سرگرمیوں میں خواتین کے کردار کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کے فروغ، تجربات کے تبادلے اور خواتین کے لیے زیادہ سازگار اور جامع کاروباری ماحول کی تشکیل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔





