سپر اوور کے سنسنی خیز مقابلے میں شاہین میموریل کرکٹ کلب کی نیاز 18 کی خلاف شاندار فتح سیمی فائنل میں کوالیفائی کرلیا
راولپنڈی (عبدالغفار خان)
راولپنڈی اے آر ایل انڈر-16 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شائقین کو ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں شاہین میموریل کرکٹ کلب نے سپر اوور میں نیاز 18 کو شکست دے کر یادگار کامیابی اپنے نام کر لی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاہین میموریل کرکٹ کلب نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے سفیان سراج نے 40 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ یوسف نے 32 اور فضل اللہ نے 30 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔
جواب میں نیاز 18 نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا کر مقابلہ برابر کر دیا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا۔
سپر اوور میں نیاز 18 کی جانب سے لیگ اسپنر فضل اللہ نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے صرف 8 رنز دیے، تاہم مطلوبہ ہدف شاہین میموریل کرکٹ کلب کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 3 گیندوں میں حاصل کر لیا اور سنسنی خیز مقابلہ اپنے نام کر لیا۔
میچ میں شاہین میموریل کرکٹ کلب کے سفیان سراج نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 رنز بنانے کے ساتھ 3 وکٹیں بھی حاصل کیں اور میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،دیگر باؤلر میں انور نے 2 اور عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ مقابلہ اے آر ایل انڈر-16 ٹورنامنٹ کے بہترین میچوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا، تاہم آخر میں شاہین میموریل کرکٹ کلب نے اعصاب شکن سپر اوور میں فتح سمیٹ کر شائقین سے خوب داد وصول کی اور سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔





