قومی اسمبلی اور سیو دی چلڈرن انٹرنیشنل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

 

بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے پارلیمانی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق، بچوں کی ڈیجیٹل حفاظت اور شہری انٹرن شپ پروگرام سمیت مختلف اقدامات میں اشتراک ہوگا

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سیو دی چلڈرن انٹرنیشنل کے درمیان بچوں سے متعلق امور اور اقدامات میں تعاون مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی، جہاں سیکرٹری قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سعید احمد میتلہ اور سیو دی چلڈرن انٹرنیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر محمد خرم گوندل نے یادداشت پر دستخط کیے۔

پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال کے وفاقی رابطہ کار اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری، اراکین قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی اور دانیال احمد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

مفاہمتی یادداشت کا مقصد بچوں سے متعلق امور اور اقدامات میں پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال کے تعاون کو مؤثر بنانا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت بچوں کے شہری انٹرن شپ پروگرام، بچوں کے تحفظ کے لیے ڈیجیٹل اقدامات اور بچوں کے حقوق کے فروغ و تحفظ سے متعلق دیگر اہم شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔

فریقین کے مطابق شراکت داری کے ذریعے شواہد پر مبنی پارلیمانی سرگرمیوں کو فروغ دینے، بچوں پر مرکوز اقدامات کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں بچوں کے لیے زیادہ محفوظ، جامع اور معاون ماحول کی تشکیل میں کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سیو دی چلڈرن انٹرنیشنل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو پارلیمان اور بین الاقوامی ادارے کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا، جو پاکستان میں بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب میں اسپیشل سیکرٹری اسپیشل انیشی ایٹو سید شمون ہاشمی، چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر منائل خان، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران سید حازق بخاری، عفت پرویز اور سید ایم ارسلان کاظمی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

سیو دی چلڈرن انٹرنیشنل کی جانب سے محمد خرم گوندل، محمد عامر، نورالامین، رابعہ رؤف، فواد بختیار اور منزہ علی نے تقریب میں شرکت کی۔