چارجنگ اسٹیشنز، بیٹری ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی آلودگی پر تفصیلی بریفنگ، متعدد رپورٹس طلب
اسلام آباد(اظہار خان نیازی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کا اجلاس قائم مقام چیئرپرسن ڈاکٹر شازیہ صبیہ اسلم سومرو کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے پی ایس ڈی پی اور پاکستان کی الیکٹرک وہیکل (ای وی) پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی نے کمیٹی کو بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود قومی اہمیت کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد میں پانی کی آلودگی کے تدارک، کورنگ نالہ سیوریج ٹریٹمنٹ منصوبے اور فضائی معیار بہتر بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔
وزارت صنعت و پیداوار نے ای وی پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 100 سے زائد چارجنگ اسٹیشنز کی منظوری دی جا چکی ہے، اسلام آباد میں نئے پٹرول پمپس پر ای وی چارجنگ سہولت لازمی ہوگی، جبکہ بیٹری ری سائیکلنگ پالیسی بھی منظوری کے مراحل میں ہے۔
کمیٹی نے جی ایم اوز، بائیو سیفٹی، گاڑیوں کے اخراج کی جانچ کرنے والی لیبارٹریوں اور مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی حدود سے متعلق تفصیلی رپورٹس طلب کر لیں۔





