قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس، وزیراعظم عوامی امور و شکایات ونگ کی کارکردگی کا جائزہ

ایک سال میں 18 ہزار 590 شکایات موصول، 92 فیصد نمٹا دی گئیں، عوامی شکایات کے بروقت ازالے پر زور

اسلام آباد(اظہار خان نیازی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس چیئرمین رانا ارادت شریف خان ایم این اے کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم عوامی امور و شکایات ونگ (PM’s PA&GW) کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری پارلیمانی امور نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم جولائی 2025 سے 24 جون 2026 تک وزیراعظم عوامی امور و شکایات ونگ کو 18 ہزار 590 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 17 ہزار 104 شکایات نمٹا دی گئیں، یوں شکایات کے ازالے کی شرح 92 فیصد رہی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں شکایات کی تعداد میں اضافہ عوام کے پاکستان سٹیزن پورٹل پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور شکایات کے نظام سے آگاہی کا مظہر ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ عوامی سہولت اور رسائی بہتر بنانے کے لیے ملک بھر میں آگاہی مہم چلائی گئی، شکایات کے اندراج کے لیے مختصر کوڈ 1733 متعارف کرایا گیا، جبکہ 2025 کے سیلاب کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ اضلاع میں خصوصی فلڈ ریلیف ڈیسک قائم کیے گئے جہاں متاثرین کی شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا گیا۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی رانا ارادت شریف خان نے وزیراعظم عوامی امور و شکایات ونگ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے بروقت، مؤثر اور شہری دوست انداز میں ازالے کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے، کیونکہ ادارے کی کامیابی کا اصل معیار عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی ہے۔