وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک راولپنڈی کا مشاورتی اجلاس

کم لاگت رہائش کے فروغ، عمودی تعمیرات اور ون ونڈو آپریشن کی ضرورت پر زور، تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) اسٹیٹ بینک آف پاکستان، راولپنڈی نے وزیراعظم کے "گھر ہو تو اپنا، اپنا گھر پروگرام” کے فروغ اور اس پر مؤثر عملدرآمد میں درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس میں 25 کمرشل بینکوں کے نمائندوں، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے حکام، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے وفد، مختلف جامعات کے طلبہ، عام شہریوں اور 34 ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت اسٹیٹ بینک راولپنڈی کے چیف منیجر رضوان خلیل شمسی نے کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کے فروغ میں کمرشل بینکوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈویلپرز اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو کم لاگت اور پائیدار رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے بلند و بالا رہائشی عمارتوں (ورٹیکل ہاؤسنگ) کو فروغ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران شہروں میں جنگلات اور گرین بیلٹس کو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں تبدیل کیے جانے سے ماحولیاتی مسائل میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ماحول کے تحفظ اور سستی رہائش کی فراہمی کے لیے عمودی شہری ترقی سب سے مؤثر حل ثابت ہو سکتی ہے۔

چیف منیجر نے مختلف ممالک میں کم لاگت رہائش کے کامیاب ماڈلز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان پالیسیوں کو مقامی ضروریات کے مطابق اختیار کرکے پاکستان میں بھی مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اجلاس کے دوران کمرشل بینکوں کے نمائندوں نے دستاویزی تقاضوں سے متعلق مسائل اجاگر کیے اور ان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جبکہ بینکوں نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کی مختلف سہولتوں اور طریقہ کار سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی تاکہ وہ اپنے صارفین تک درست معلومات پہنچا سکیں۔

شرکاء نے آر ڈی اے میں دستاویزی کارروائی کو آسان اور تیز بنانے کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرانے کی سفارش کی۔ اس کے علاوہ ریونیو حکام اور آر ڈی اے کی جانب سے فوکل پرسنز مقرر کرنے کی تجویز بھی دی گئی تاکہ درخواستوں کی بروقت اور مؤثر پراسیسنگ ممکن بنائی جا سکے۔

اجلاس میں مارگیج اور لیئن مارکنگ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں تمام متعلقہ اداروں نے اپنے مسائل، تجاویز اور تجربات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر اسٹیٹ بینک راولپنڈی کے سینئر ڈپٹی چیف منیجر عمر صدیق خٹک نے اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں اس حوالے سے اعلیٰ سطح کے مزید پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کو مزید مؤثر بنانے اور کم لاگت رہائش کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ درپیش مسائل کا قابل عمل حل اور جامع سفارشات مرتب کی جا سکیں۔

اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راولپنڈی کو کم لاگت رہائش کے حوالے سے ملک کا مثالی شہر بنایا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان، راولپنڈی کی جانب سے اس اہم اور جامع مشاورتی اجلاس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کے فروغ کی جانب ایک مؤثر اور مثبت پیش رفت قرار دیا۔