ڈیڑھ سالہ بچی کی گردن پر چھری سے حملہ کرنے والا ملزم 24 گھنٹوں میں گرفتار

ڈیڑھ سالہ بچی کی گردن پر چھری سے حملہ کرنے والا ملزم 24 گھنٹوں میں گرفتار
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)راولپنڈی پولیس نے تھانہ دھمیال کے علاقے میں ڈیڑھ سالہ معصوم بچی کی گردن پر چھری سے حملہ کرنے کے اندوہناک واقعے میں ملوث ملزم کو واردات کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد محمود ہمدانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ واقعے کا مقدمہ گزشتہ روز پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا، جبکہ زخمی بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا،جہاں بروقت طبی امداد کے بعد اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ایس پی صدر کی نگرانی میں ایس ایچ او دھمیال اور پولیس ٹیموں نے مسلسل اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزم متاثرہ بچی کی والدہ کا قریبی رشتہ دار ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے ذاتی رنجش اور گھریلو چپقلش کی بنا پر معصوم بچی کو قتل کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ بچوں پر تشدد، ان کے استحصال یا ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے جیسے غیر انسانی جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملزم کو مضبوط شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔