

میلاد چوک میں کھڑی سوزوکی پک اپ سے دھماکا خیز مواد برآمد، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مواد ناکارہ بنا دیا، تحقیقات جاری
پشاور(خالد خان) پشاور کے علاقے میلاد چوک میں دہشت گردی کا ایک ممکنہ منصوبہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں ناکام بنا دیا گیا۔ ایک سوزوکی پک اپ میں دستی بم اور دیگر بارودی مواد موجود ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) اور دیگر متعلقہ ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اس میں موجود تمام بارودی مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا، جس کے باعث کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ بارودی مواد گاڑی میں رکھنے والوں اور ان کے مقاصد کا تعین کیا جا سکے۔ سکیورٹی اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، لاوارث گاڑی یا مشتبہ شے کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے واقعے کو روکا جا سکے۔





