سی پی او حسن مشتاق سکھیرا سے انجمن تاجران کے وفد کی ملاقات، تاجروں کے مسائل اور شہر کی سکیورٹی پر تبادلۂ خیال

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا سے انجمن تاجران کے وفد کی ملاقات، تاجروں کے مسائل اور شہر کی سکیورٹی پر تبادلۂ خیال
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)سٹی پولیس آفیسر(سی پی او)راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا سے انجمن تاجران کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں شہر کی امن و امان کی صورتحال،تاجروں کو درپیش مسائل اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد کی قیادت انجمن تاجران کے صدر شرجیل میر نے کی، جبکہ وفد میں چوہدری اقبال، یاسر اسماعیل مغل، طلحہ توقیر، صدام عباسی، حاجی پرویز غازی، امتیاز عباسی، شیخ سہیل، رفیق شاہ، عدنان خان، راؤ عرفان، شعیب خان، بابر بھٹی، اشتیاق مغل، خواجہ فہد سمیت دیگر تاجر رہنما بھی شریک تھے۔اس موقع پر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں اور تاجر برادری کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ اور پرامن کاروباری ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔تاجر رہنماؤں نے راولپنڈی پولیس کی جانب سے امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری شہر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں فریقوں نے شہریوں کے تحفظ، بازاروں کی سکیورٹی اور باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔