آئندہ کسی کو گرین ایر پا اور فٹ پاتھ الاٹ نہیں کریں گے ۔ ڈاکٹر انعم فاطمہ
اسلام آباد(سٹی رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ کی قیادت میں مختلف مارکیٹوں کے عہدیداران نے سی او۔ ایم سی آئی اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر انعم فاطمہ کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایم اے نے تمام اوپن سپیس کے تمام لائسنس یکا یک منسوخ کر دیئے ہیں۔ جس کی وجہ سے تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ ایس او پیز بنائے تاجران اس پر عمل کریں گے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور سی او ۔ ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ بعض جگہوں پر اوپن سپیس قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی تھی ۔ جس کا اظہار چیرمین سی ڈی اے نے بھی اپنے وزٹ میں کیا۔ اس کے علاوہ صفائی کا خیال نہیں رکھا جاتا تھا۔ بعض جگہوں پر تجاوزات ہو رہی تھیں۔ اس لئے تمام لائسنس منسوخ کئے گئے ہیں اور آئندہ کے لئے نئے ایس او پیز بنا رہے ہیں ۔ آئیندہ کسی کو بھی فٹ پاتھ یا گرین ایریا میں جگہ الاٹ نہیں کی جائے گی۔ میٹنگ میں سیکرٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی خالد چوہدری – راجہ ذوالفقار – عجب خان – وسیم عباسی – تابش محبوب – عامر بخاری -رانا بلال – نعیم اقبال اور دیگر نے شرکت کی ۔





