آر ڈی اے میں حج 2027ء کے لیے شفاف قرعہ اندازی، دو ملازمین حج بیت اللہ کی سعادت کے لیے منتخب

آر ڈی اے میں حج 2027ء کے لیے شفاف قرعہ اندازی، دو ملازمین حج بیت اللہ کی سعادت کے لیے منتخب
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) میں حج 2027ء کے لیے اہل ملازمین کے درمیان شفاف قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا،جس کے نتیجے میں دو ملازمین حج بیت اللہ کی سعادت کے لیے منتخب قرار پائے۔ قرعہ اندازی آر ڈی اے کی ڈائریکٹر ایڈمن نوشین اسرار کی ہدایت پر کانفرنس روم میں منعقد ہوئی، جس میں افسران، ملازمین اور یونین کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد گریڈ ایک سے 16 تک کے اہل ملازمین کے درمیان قرعہ اندازی کی گئی۔ قرعہ اندازی کے نتیجے میں عاصم نواز کھوکھر (سٹینو، گریڈ 15) اور تراب الحسن (جونیئر کلرک، گریڈ 11) حج 2027ء کے لیے منتخب ہوئے۔اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس مسعود احمد سمیت دیگر افسران، ملازمین اور یونین عہدیداران نے منتخب ہونے والے دونوں ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے قرعہ اندازی کے شفاف اور منصفانہ انعقاد پر ڈائریکٹر ایڈمن نوشین اسرار کی انتظامی کاوشوں کو بھی سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوشین اسرار نے کہا کہ آر ڈی اے میں تمام انتظامی امور میرٹ، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق انجام دیے جا رہے ہیں تاکہ ملازمین اور عوام کا ادارے پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے افسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک مضبوط، شفاف اور جوابدہ ادارہ ہی عوامی اعتماد حاصل کر سکتا ہے،اسی مقصد کے تحت آر ڈی اے میں ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا جو ادارے کی ساکھ کو بہتر بنانے اور ملازمین کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنیں۔