کلر سیداں میں دیرینہ رنجش پر اندھا دھند فائرنگ، دو افراد زخمی، مقدمہ درج

نامزد ملزمان پر اقدام قتل، اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکل چھیننے کا الزام، پولیس نے تفتیش شروع کر دی

راولپنڈی/کلر سیداں (صنوبر کیانی) تھانہ کلر سیداں کے علاقے میانہ موہڑہ چوک میں دیرینہ رنجش پر مسلح افراد کی مبینہ اندھا دھند فائرنگ سے دو نوجوان زخمی ہو گئے، جبکہ ملزمان جاتے ہوئے دو موٹرسائیکل بھی ساتھ لے گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق مقدمہ محمد عدیل ولد ذوالفقار کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دن کے وقت شاہ باغ میں سوزوکی ڈرائیوروں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی جو بعد ازاں باہمی رضامندی سے ختم ہو گئی۔ رات تقریباً ساڑھے نو بجے محمد عدیل اپنے ساتھیوں عبدالصمد، فیصل محمود، عبدالحمید، فیضان ارشد، موقیت اور اسامہ کے ہمراہ والی بال میچ کھیلنے اور کھانا کھانے کے بعد موٹرسائیکلوں پر گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ میانہ موہڑہ چوک کے قریب پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے ان کا راستہ روک لیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ناصر ولد ریاض نے مبینہ طور پر 30 بور پستول سے فائر کیا جو عبدالصمد کے سر میں لگا، جبکہ عمر ولد برخوردار کی فائرنگ سے فیصل محمود کے دائیں بازو پر گولی لگی۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ دیگر ملزمان نے بھی اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے موقع پر خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ حملہ آور جاتے ہوئے متاثرین کے موٹرسائیکل بھی ساتھ لے گئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کلر سیداں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ اور اسپتال پہنچ کر زخمیوں کے میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ حاصل کیے اور مدعی کی درخواست پر نامزد ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 324، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔