اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اینٹی وہیکلز لفٹنگ یو نٹ پولیس ٹیم کی بڑ ی کارروائی۔گاڑی چوری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب گینگ کے دو ارکان گرفتار، ملزمان کے قبضہ سے 67 لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ گاڑیاں برآمد،، مزید تفتیش جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کا وفاقی دارلحکومت میں گاڑیاں چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کیخلاف بلا تفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں اینٹی وہیکلز لفٹنگ یونٹ پولیس ٹیم نے موثرکارروائی کرتے ہوئے تکنیکی اورانسانی ذرائع کی مدد سے گاڑی چوری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب گینگ کے دوارکان کوگرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 67 لاکھ روپے مالیت کی مسروقہ گاڑیاں برآمد کرلی گئیں۔ گرفتارملزمان کی شنا خت شاہ نواز اورمشتاق کے ناموں سے ہو ئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے اسلام آ باد کے مختلف علا قوں میں گاڑی چوری کی متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن سیلمان ظفر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کسی بھی جرائم پیشہ عنا صر کو عوام الناس کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔





