امریکی کانگریس کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات، پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ پر اتفاق

پاکستان نے امریکہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دی، امریکی اراکین کانگریس نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) امریکی کانگریس کے اراکین مائیکل جیمز بامگارٹنر اور ریان زنکے نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی سفارت کاری اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے امریکی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جو باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کی مقننہ کے درمیان پارلیمانی روابط، وفود کے تبادلوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے روابط سے باہمی اعتماد میں اضافہ اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
ملاقات کے دوران اسپیکر نے خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان نے تحمل، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی پالیسی کی مسلسل حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت کاری اور بامعنی مذاکرات ہی تنازعات کے پائیدار حل کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
اس موقع پر امریکی کانگریس کے اراکین مائیکل جیمز بامگارٹنر اور ریان زنکے نے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔