آزادی کی حفاظت اتحاد، قومی یکجہتی، قانون کی پاسداری اور معاشی استحکام سے ممکن ہے، زاہد بختاوری

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)
زاہد بختاوری وائس پریذیڈنٹ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ 14 اگست پاکستان کے لیے ایک تاریخی اور یادگار دن ہے، جو ہمیں تحریکِ پاکستان کے عظیم مقاصد، قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، اس کی قدر اور حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر اپنے اہم پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے صرف آزادی کا جشن منانا کافی نہیں بلکہ ہمیں آزادی کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔قومی اتحاد، قانون کی بالادستی، آئین کا احترام، اداروں کا استحکام، سیاسی برداشت، معاشی خودمختاری اور میرٹ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔زاہد بختاوری نے کہا کہ ملک کی آزادی اور خودمختاری کو مضبوط رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے قومی مفادات کو ذاتی اور گروہی مفادات پر ترجیح دیں۔ عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد، باہمی احترام اور تعاون کو فروغ دینا ہوگا،جب کہ انتشار، نفرت اور تعصب سے اجتناب کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت، مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے۔ کاروبار اور صنعت کا فروغ، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول، روزگار کے نئے مواقع، ٹیکس نظام میں بہتری اور تاجروں و صنعتکاروں کو سہولیات کی فراہمی ملکی معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے۔ تاجر برادری پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنانے کے لیے تیار ہے۔وائس پریذیڈنٹ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ تعلیم، صحت، جدید ٹیکنالوجی، نوجوانوں کی تربیت اور ہنرمندی پر خصوصی توجہ دے کر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں مثبت مواقع فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ صفائی، شہری نظم و ضبط، ماحول کا تحفظ، ٹریفک قوانین کی پابندی اور اپنے اردگرد کے ماحول کو بہتر بنانا بھی حب الوطنی کا عملی اظہار ہے۔ ہر شہری اگر اپنی ذمہ داری ایمانداری سے ادا کرے تو ملک میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔زاہد بختاوری نے کہا کہ آج ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اپنی محنت، دیانت اور اتحاد کے ذریعے ملک کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔انہوں نے یومِ آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل ہے، اس لیے اس کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
پاکستان زندہ باد!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔