مخصوص نشستوں پر منتخب خواتین مراعات سے دستبردار ہوں شاہد ریاض ستی

مری (راجہ عثمان علی) سابق رکن پنجاب اسمبلی اور سابق پارلیمانی سیکرٹری پنجاب شاہد ریاض ستی نے کہا ہے کہ عوامی نمائندگی ایک اعزاز ہے اور اسے کسی صورت کاروبار یا مراعات کے حصول کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی مخصوص نشستوں کا مقصد ایوانوں میں مؤثر نمائندگی کو یقینی بنانا ہے، تاہم ان نشستوں پر آنے والی خواتین براہِ راست عوامی انتخابی عمل سے نہیں گزرتیں۔شاہد ریاض ستی نے تجویز دی کہ مخصوص نشستوں پر منتخب خواتین قومی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی تنخواہوں، مراعات اور دیگر مالی فوائد سے رضاکارانہ طور پر دستبردار ہو جائیں تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی موجودہ صورتحال کے باعث عام شہری پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہے، اس لیے عوامی نمائندوں کو بھی اپنے اخراجات میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کرنی چاہیے۔