فورم کے زیر اہتمام نجی تعلیمی اداروں کی فلاح و بہبود، طلبہ و طالبات کی دینی، اخلاقی

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)

روح (Revival of Uswa-e-Hasana) فورم کے زیر اہتمام نجی تعلیمی اداروں کی فلاح و بہبود، طلبہ و طالبات کی دینی، اخلاقی اور تعلیمی تربیت، اور ممبرشپ مہم کے سلسلے میں مہریہ پبلک سکول میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی سرپرستی روح فورم کے ڈائریکٹر ابرار احمد خان نے کی جبکہ میزبانی کے فرائض مفتی سنان تیمور اقبال نے انجام دیے۔اجلاس میں عدنان نثار، عابد حسین، ناصر محمود، جنید اطہر، شہزاد نواز، صلوات خان، افتخار الاسلام، ساجد الیاس، عبدالرحمن ناصر، رضوان ذوالفقار اور دیگر تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ابرار احمد خان نے کہا کہ اسلام میں علم کی تعلیم و ترویج کو عظیم ترین نیکی قرار دیا گیا ہے اور تعلیم دلوانا بہترین صدقۂ جاریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا علم جس سے لوگ فائدہ اٹھائیں، انسان کے انتقال کے بعد بھی اس کے لیے باعثِ اجر و ثواب رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں اور نوجوانوں کو دینی و عصری تعلیم سے آراستہ کرنا، مستحق طلبہ کی معاونت اور تعلیمی وسائل کی فراہمی دراصل قوم کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ بچوں کی دینی، اخلاقی اور تعلیمی تربیت کے فروغ کے لیے RUH فورم ٹرسٹ قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت قرآن و سنت کی تعلیم، مستحق طلبہ کی مالی معاونت، یتیم بچوں کے لیے مفت تعلیم اور قابل طلبہ کے لیے سکالرشپ پروگراموں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ابرار احمد خان نے ’’اجداد ٹرسٹ‘‘ کے قیام کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے مخیر حضرات کو ترغیب دی کہ وہ اپنے مرحوم والدین اور بزرگوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فلاحی و تعلیمی منصوبوں میں حصہ لیں۔ اجلاس کے شرکاء نے روح فورم کے مقاصد کو سراہتے ہوئے تعلیم کے فروغ، کردار سازی اور مستحق بچوں کی معاونت کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے اختتام پر ملک و ملت کی ترقی، نسلِ نو کی بہترین تربیت اور خدمتِ خلق کے فروغ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔