باجوڑ پی سی بی اسکول ایجوکیشن کرکٹ ٹورنامنٹ: میٹرک تک طلبہ کے لیے انڈر 16 اور انڈر 17 مقابلوں کا انعقاد

باجوڑ پی سی بی اسکول ایجوکیشن کرکٹ ٹورنامنٹ: میٹرک تک طلبہ کے لیے انڈر 16 اور انڈر 17 مقابلوں کا انعقاد
باجوڑ(عبدالغفار خان سے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور باجوڑ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں میٹرک تک زیرِ تعلیم طلبہ حصہ لے سکیں گے۔ ٹورنامٹ میں صرف وہی طلبہ شرکت کے اہل ہوں گے جن کی عمریں 16 سال سے کم (انڈر 16) اور 17 سال سے کم (انڈر 17) ہوں گی۔
اس سلسلے میں پی سی بی کے ہیڈ کووچ ظہور احمد باجوڑ پہنچے، جہاں خار ماڈل اسکول میں باجوڑ کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شوکت حسین کی زیر نگرانی ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
بعد ازاں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹورنامنٹ کے انتظامات، اسکولوں کی شرکت، کھلاڑیوں کی رجسٹریشن اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری شوکت حسین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، پی سی بی کووچ ظہور احمد اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر ظہور احمد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا مقصد اسکول سطح پر کرکٹ کے فروغ کے ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ کے باصلاحیت طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا جائے گا اور اس ٹورنامنٹ کے ذریعے نئے کرکٹرز کو سامنے آنے کا موقع ملے گا۔