ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کا شہر کا تفصیلی دورہ

اٹک(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کا شہر کا تفصیلی دورہ، جاری ترقیاتی منصوبوں اور ٹریفک و پارکنگ انتظامات کا جائزہ ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ انیل سعید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ ذیشان احمد، اسسٹنٹ کمشنر اٹک عارف قریشی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اٹک سردار آفتاب احمد خان اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کو شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ان کی پیش رفت، معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہر میں ٹریفک کی روانی، پارکنگ کے انتظامات، ریڑھی بانوں اور رکشہ اسٹینڈز سے متعلق مسائل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تجاوزات اور بے ہنگم پارکنگ کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری تدارک کیا جائے، جبکہ ریڑھی بانوں اور رکشہ ڈرائیوروں کے لیے ایسے مؤثر انتظامات کیے جائیں جن سے ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے۔ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کو صاف، منظم اور سہولیات سے آراستہ ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے، بین المحکمانہ رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی بہتری، صفائی کے نظام اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کریں تاکہ عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔